عدلیہ نہ ہوتی تومحکمے شہریوں کوزندہ نگل جاتے: شوکت ورک 

 لاہور(نیوز رپورٹر)ڈاکٹر اے کیوخان ہسپتال ٹرسٹ (رجسٹرڈ) کے آتھر،بانی ٹرسٹی اورجنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا ہے کہ آزاد اورفعال عدلیہ نہ ہوتی تومحکمے شہریوں کوزندہ نگل جاتے۔محکموں کے درمیان کرپشن کی میراتھن ریس کے باوجود معاشرے میں انصاف کی فراوانی کیلئے زندہ ضمیر ججوں کادم غنیمت ہے۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم کی اصلاحات کے ثمرات سے سائلین مستفید ہورہے ہیں۔معاشرے میں پھیلی مایوسی،محرومی، بدانتظامی اوربدعنوانی کے باوجود ہمارے ججز ہماری امیدوں کامحور ہیں۔شہریوں نے آج تک انصاف کے ایوانوں پراعتماد کرنا نہیں چھوڑا۔محکموں کے ہاتھوں شہریوں کے استحصال نے ان کی ساکھ کوراکھ کاڈھیربنادیاہے۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے مزید کہا کہ شہریوں کا مخصوص وفاقی اورصوبائی محکموں سے اظہاربیزاری فطری ہے، بھاری رشوت کے بغیر ہلکا کام بھی نہیں ہوتا۔۔ اگر ایف آئی اے،پولیس اوراینٹی کرپشن سچائی تک رسائی کی بنیاد پرمقدمات درج کریں توعدلیہ پربوجھ میں کمی آئے گی جبکہ سائلین کو انصاف کی بروقت اورسہل فراہمی کاخواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن