لاہور( کامرس رپورٹر)آئینی بنچ کو سیون ای ،فور سی ، سی وی ٹی اور سپر ٹیکس کے کیسز فوری سننے چاہئیں،97ارب کے ٹیکسز کے زیرالتوا ء کیسز میں زیادہ تر غلط اسیسمنٹ سے متعلقہ ہیں ۔ٹیکس دہندگان کو بروقت انصاف ملنا شروع ہوجائے تو ان کا اعتماد بحال ہونا شروع ہو جائے گا۔دیار غیر میں بیٹھ کر ملک کی خدمت کرنے والوں کی جائیدادوں پر قبضے ہو رہے‘ ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔چیف جسٹس اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز کو بھی ترجیحی بنیادوں پر سننے کے احکامات جاری کریں۔ ان خیالات کا اظہار ماہر معاشیات صدر انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن عاشق علی رانا ،جنرل سیکرٹری محمد اسحاق بریار ،سینئر نائب صدر ملک جلیل اعوان،نائب صدر فیصل اقبال خواجہ ،فنانس سیکرٹری شیخ عدیل شاہد ،ممبر لاہور ٹیکس بار نغمانہ شہزادی ،سید عدیل حیدر جعفری،زاہد رسول گورائیہ اور دیگر نے اوورسیز پاکستانیوں اور ٹیکس بار کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔