گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)مالٹا کے اعزازی قونصل حسن محمود زیدی نے گوجرانوالہ بزنس سینٹر کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد پاکستان اور مالٹا کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر حسن محمود زیدی نے جی،بی،سی میں قائم میڈ ان گوجرانوالہ انکلوئیر کا دورہ کیا اور ڈسپلے کی گئی مصنوعات کے معیار کو خوب سراہا ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان کی مقامی ضروریات کو پورا کرنے میں گوجرانوالہ کی صنعتی مصنوعات بہت اہمیت کی حامل ہیں۔ مالٹا یورپی یونین کا ایک چھوٹا مگر بہت اہم ملک ہے جو یورپ اور شمالی افریقہ کے درمیان واقع ہے ۔مالٹا اپنی جغرافیائی اہمیت ،سیاسی استحکام اور دوستانہ کاروباری ماحول کے باعث عالمی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم مرکز بن چکا ہے اس کی معیشت بنیادی طور پہ سیاحت ،شپنگ، فائننشل سروسز اور ایمرجنگ ٹیکنالوجیز جیسے بلاک چین اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شعبوں کی وجہ سے جانی جاتی ہے، ملکی معیشت کا بڑا حصہ سیاحت کے شعبے سے منسلک ہے جو مالٹا کی معاشی ترقی میں ایک اہم ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔پاکستان اور مالٹا کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔