تاجر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ،مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے‘ شافع حسین 

Nov 11, 2024

لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے انجمن تاجران ریلوے روڈ گجرات کے صدر انصر قذافی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں تاجروں کے مسائل پر بات چیت ہوئی،صوبائی وزیر نے تاجروں کے مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں برادری کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے،تاجروں کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا ہے لیکن ایک انتشار پارٹی کاروباری سرگرمیوں میں رخنہ ڈالنے کے لئے کوشاں ہے،مہنگائی میں کمی اور حکومت کے فلاحی پروگراموں سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے لیکن عوام  کی ترقی کے دشمن مضبوط ہوتی معشیت سے خوفزدہ ہیں،جونہی  ملک آگے بڑھتا ہے تو اس انتشاری ٹولے کو احتجاج یاد آجاتا ہے،اپنے دور حکومت میں اس احتجاجی ٹولے نے قومی وسائل کی لوٹ کھسوٹ کے سوا کچھ نہیں کیا-حقیقی آزادی اور تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکا دیا،یہ کس حقیقی آزادی کی بات کرتے ہیں،حقیقی آزادی تو 1947میں مل چکی ہے،صوبائی وزیر نے کہا کہ ابکسی کو ترقی کی راہ میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے،چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان  کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہے۔  تاجروں کے وفد میں انجمن تاجران کے سرپرست شکیل افضل بھٹی،جنرل سیکریٹری طارق محمود چیمہ،کوآرڈیٹرعلی سہیل رضی اور دیگر شامل تھے۔

مزیدخبریں