سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر دفاع و شہری ہوا بازی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے وہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کی طرف سے اپنی مدد آپ کے تحت شروع کئے گئے منصوبوں کو مزید کامیاب بنانے کے لئے تمام حکومتی وسائل کو بروئے کار لائیں گے اور خاص طور پر سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ کے لئے نئی فضائی کمپنیوں کو یہاں سے فلائٹس شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ لمیٹڈ کے وائس چیئرمین فراز اکرم اعوان کی قیادت میں ملنے والے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں کینیڈا میں مقیم ممتاز پاکستانی بزنس مین اور ڈائریکٹر سیال محمد جاوید چودھری اور میاں عتیق الرحمن بھی شامل تھے۔ خواجہ محمد آصف نے وفد کی طرف سے الجزیرہ ائرلائن اور سعودی بجٹ ائر لائن کو سیالکوٹ کے لئے اپنی فضائی سروس شروع کرنے اور سلام ائر کی سیالکوٹ اور مسقط کے درمیان پروازیں بڑھانے کے حوالے سے جلد ہی خوشخبری سنانے کی یقین دہانی کروائی جبکہ سیالکوٹ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کا دورہ کر کے اس کے مسائل جان کر انہیں بھی حل کروانے کا وعدہ کیا۔
سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کے منصوبے مزید کامیاب بنائیں گے: خواجہ آصف
Nov 11, 2024