لاہور (کامرس رپورٹر) ایشین ڈویلپمنٹ بنک کی نئی رپورٹ نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے حوالے سے پاکستان کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ رپورٹ میں موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان کو مستقبل میں شدید خطرات لاحق ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان 2070 ء تک 21فیصد جی ڈی پی میں کمی کا سامنا کر سکتا ہے۔ تسلسل برقرار رہنے پر سال 2100 ء تک کی جی ڈی پی میں 40فیصد سے زائد تک کا نقصان ہو سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ نقصان زراعت کے شعبہ کو پہنچنے کا خطرہ ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان کی کیش کراپ بری طرح متاثر ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق2070ء تک چاول اور مکئی کی پیداوار میں تقریباً 40فیصد تک کمی امکان ہے۔ سویا بین 20فیصد اور گندم کی پیداوار میں 45فیصد تک کمی ہو سکتی ہے۔ مچھلی کے کاروبار سے وابستہ افراد کو 20فیصد پیداواری کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درختوں کی پیداوار میں 10فیصد تک کمی کا امکان ہے۔ بڑھتے ہوئے موسم گرما کی وجہ سے بجلی کی کھپت میں 40فیصد تک اضافہ ہوگا۔ موسم زیادہ گرم ہونے سے افرادی قوت میں 10 سے 20 فیصد کمی کا امکان ہے۔