لبنانی پرچم نذرِ آتش کرنے کا معاملہ  اسرائیلی فوج کی فوجیوں کو سرزنش

Nov 11, 2024

تل ابیب (این این آئی)اسرائیلی فوج نے فوجیوں کے ایک گروپ پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے جنوبی لبنان میں لبنان کا پرچم نذرِ آتش کیا جہاں وہ حزب اللہ سے جنگ کر رہے ہیں۔ فوج نے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ایک ویڈیو کے بعد یہ بات کہی جس میں اسرائیلی وردی میں ملبوس تقریبا نصف درجن افراد کو اچھلتے کودتے اور مذہبی گانا گاتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔جبکہ ان میں سے ایک لائٹر سے پرچم کو آگ لگا رہا ہے۔فوجی ترجمان افیخائی ادرعی نے کہاکہ ہمارے نزدیک جنوبی لبنان میں لبنانی پرچم نذرِ آتش کرنے والے بعض فوجیوں کا عمل احکامات کی خلاف ورزی، دفاعی افواج کی اقدار سے متصادم اور لبنان میں ہماری فوجی سرگرمیوں کے اہداف کے ساتھ عدم ہم آہنگی ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر عربی زبان کی ایک پوسٹ میں مزید کہا، ہماری جنگ دہشت گرد حزب اللہ کے خلاف ہے جو مسلک، نظریئے یا شناخت کے اعتبار سے کبھی بھی حقیقی طور پر لبنانی نہیں رہا۔پوسٹ میں فوجیوں کے خلاف کسی ممکنہ پابندی کا ذکر نہیں کیا گیا۔البتہ اس میں ایک ویڈیو ضرور شامل تھی جس میں مبینہ طور پر حزب اللہ کے ایک رکن کو لبنانی پرچم کو اس کے قطب سے اکھاڑتے اور اس کی جگہ گروپ کا بینر لگاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

مزیدخبریں