مہنگائی میں کمی کے دعوے‘ پوری حکومت جھوٹ: حافظ نعیم

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بجلی کے ونٹر پیکج کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا گیا، شہباز شریف کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے جھوٹ ہیں، ان کی پوری حکومت ہی جھوٹ اور فارم 47کی بنیاد پر کھڑی ہے۔ اشرافیہ ٹیکس نہیں دیتی اور غریبوں اور تنخواہ داروں کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔ پارٹی ہے، ملک میں کوئی اور پارٹی جمہوری نہیں، وصیت، وراثت اور ون مین شو کے تحت جماعتیں موجود ہیں۔ جماعت اسلامی اللہ کے دین کی سربلندی کے لیے کام کر رہی ہے۔ قوم سے اپیل ہے تحریک کا حصہ بنیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، ملک شاہد اسلم اور امیر ضلع جنوبی لاہور اظہر بلال بھی اس موقع موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا یہ لوگ مہنگائی کم ہونے کا حساب اس طرح لگاتے ہیں کہ گزشتہ نومبر میں سو روپے کی چیز پر بیس روپے کا اضافہ ہوا تھا، اس سال 120روپے کی چیز میں 18روپے کا اضافہ ہوا ہے، چیز کی قیمت 100سے 138تک پہنچ گئی، لیکن شہباز شریف کے نزدیک مہنگائی کم ہو گئی۔ اسے حکومتی انڈکس کہتے ہیں۔ اگر مہنگائی کم ہو رہی ہے تو صنعت و تجارت، بجلی و پٹرول کی قیمتیں کم کیوں نہیں ہو رہیں؟ کیوں عوام پریشان ہیں؟ آئی پی پیز کو ہزاروں ارب روپے کیپیسٹی چارجز کی مد میں دئیے جا رہے ہیں، جو بجلی بنتی نہیں اس کے بھی پیسے ادا کیے جاتے ہیں۔ بجلی کا ٹیرف اور پٹرول کی قیمت میں کمی کیے بغیر معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی۔ تمام آئی پی پیز بند ہونی چاہییں، فوجی فاؤنڈیشن سے بھی بات ہونی چاہیے، ساری قربانی عوام ہی نہیں، جرنیل بھی قربانی دیں۔ 

ای پیپر دی نیشن