بنگلورو(این این آئی)بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک کے ایک کالج میں کشمیری طلبا ء کو اپنی داڑھی مونڈھنے پر مجبور کیاجارہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بنگلورو کے ایک کالج میں دو درجن سے زائد کشمیری طلباء کو اپنی ظاہری شکل وصورت بالخصوص اپنے ثقافتی اور مذہبی روایات کے مطابق داڑھی بڑھانے کے حوالے سے غیر ضروری پابندیوں کا سامنا ہے۔کالج انتظامیہ نے لازمی قرار دیا ہے کہ طلبا ء یا تو اپنی داڑھی کو مخصوص لمبائی تک تراشیں یا کالج کی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور احاطے میں داخل ہونے کے لئے کلین شیو کریں۔جو طلبا ء ان ہدایات پر عمل نہیں کرتے ، انہیں غیر حاضر تصورکیاجائے گا جس سے ان کے تعلیمی ریکارڈ پرمنفی اثر پڑے گا۔دریں اثناء جموں و کشمیر سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو خط لکھا ہے کہ وہ ریاست کے ایک کالج میں کشمیری طلبا ء کو داڑھی موندھنے پر مجبور کیے جانے کے حوالے سے مداخلت کریں۔ ایسوسی ایشن نے اپنے خط میں کہا کہ بنگلورو کے ایک کالج میں دو درجن سے زائد کشمیری طلباء کو اپنی ظاہری شکل و صورت خاص طور پر اپنے ثقافتی اور مذہبی روایات کے مطابق داڑھی بڑھانے کے حوالے سے غیر ضروری پابندیوں کا سامنا ہے۔
بھارت،بنگلور کے کالج میں کشمیری طلباء کو داڑھی مونڈنے پر مجبور کیا جانے لگا
Nov 11, 2024