باٹا پور: پولیس‘ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ‘ زیرحراست ملزم ہلاک‘ اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ

Nov 11, 2024

لاہور (نامہ نگار) باٹا پور کے علاقے میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں زیر حراست ملزم ابوبکر عرف عبداللہ ہلاک ہوگیا ہے جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آرگنائزڈ کرائم یونٹ پولیس ٹیم بھتہ خوری کے مقدمہ میں ملوث جسمانی ریمانڈ پر زیرحراست ملزم ابوبکر عرف عبداللہ کو ریکوری کے لئے باٹا پور کے علاقے میں لے کر جارہی تھی کہ 4 ملزمان نے اپنے ساتھی کو چھڑوانے کے لئے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ابوبکر عرف عبداللہ شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی ملزم ابوبکر عرف عبداللّٰہ کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ یاد رہے کہ چند ماہ قبل اسی گینگ نے فائرنگ سے ساندہ کے علاقہ میں کانسٹیبل ارشد کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔

مزیدخبریں