190 ملین پاؤنڈ کیس: القادر ٹرسٹ کی زمین ملزم کو فائدہ پہنچانے کیلئے لی، ایجنڈا خفیہ رکھا سمیت 79 سوال

اسلام آباد  ( نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو دیا گیا سوالنامہ سامنے آگیا۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے 79 سوالات پر مشتمل سوالنامہ دیا گیا ہے۔ 14 صفحات پر مشتمل سوال نامنے میں بانی پی ٹی آئی سے فرحت شہزادی، شہزاد اکبر، ذلفی بخاری سمیت القادر یونیورسٹی کی اراضی اور برطانیہ سے 190 ملین پاؤنڈ کی رقوم کی منتقلی سے متعلق مختلف سوالات پوچھے گئے ہیں۔ سوال نامے میں پوچھا گیا ہے شہزاد اکبر اور آپکی ملی بھگت سے 2 دسمبر 2019 کو ایک نوٹ کابینہ میں پیش کیا گیا، غلط بیانی کی کہ برطانیہ میں منجمد فنڈز ریاست پاکستان کو سرنڈر کیے جائیں گے؟ ۔ غلط بیانی کی گئی سپریم کورٹ کا اکاؤنٹ ریاست پاکستان کے فائدے کیلیے چلایا جارہا ہے؟ بطور وزیراعظم آپ نے بے ایمانی سے رولز آف بزنس 1973 کی خلاف ورزی کی؟ مرزا شہزاد اکبر پہلے ہی خفیہ دستاویز دستخط کرکے 6 نومبر 2019 کوبرطانیہ کی این سی اے کو جمع کراچکے تھے؟زمین کی قیمت کے طور فنڈز 3 دسمبر 2019 کی میٹنگ سے پہلے شریک ملزم کی ادا کی گئی؟۔ مذکورہ نوٹ کو تین دسمبر 2019 کے کابینہ اجلاس میں ان کیمرا بریفنگ میں پیش کیا گیا؟ آپ کے دباؤ پر اس اضافی ایجنڈے کو بغیر غور و فکر منظور کیا گیا؟۔سوال نامے کے مطابق شریک ملزمان کوغیرقانونی فائدے کے بدلے آپ نے القادر یونیورسٹی پروجیکٹ کیلئے 485کنال زمین حاصل کی؟ فرحت شہزادی نے بشریٰ بی بی کی فرنٹ پرسن کے طور پرموہڑہ نور میں 240 کنال اراضی حاصل کی؟۔ 190 ملین پاؤنڈ کی برطانیہ سے پاکستان منتقلی پر سٹیٹ بینک، دفترخارجہ اور پاکستانی ہائی کمیشن لندن سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی؟۔  نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کو 285 ملین روپے کیش عطیہ کیا گیا؟ بڈنگ، فرنیچر اور زمین کیلئے 450 ملین روپے کی ڈونیشن دی گئی؟ ۔ گواہ  پرویزخٹک کے مطابق شہزاداکبر نے کابینہ کو بتایا کہ معاہدہ خفیہ تھا جس پر کابینہ اراکین خاموش ہو گئے؟ آپ کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ایجنڈے کی منظوری دی؟ گواہ زبیدہ جلال کیمطابق 3دسمبر 2019 کے کابینہ اجلاس میں ایڈیشنل ایجنڈا آئٹم سے متعلق قواعدپرعمل نہیں کیاگیا؟۔  شہزاداکبرنے کابینہ کوبتایا معاملہ کانفیڈینشل ہے، بحث کی ضرورت نہیں؟ شہزاد اکبر نے بحث کیے بغیر منظوری پر زور دیا؟ آپ نے بھی ایجنڈے کی منظوری کیلئے اپنا اثرو رسوخ استعمال کیا؟ گواہ اعظم خان کے مطابق شہزاداکبر کانفیڈینشل اجلاس میں پیش کرنے سے متعلق آپ کی منظوری لینے آئے تھے؟ شہزاداکبر نے اعظم خان کو بتایا کہ آپ نے اجازت دی تھی کہ ڈیڈ کابینہ کے سامنے پیش نہ کی جائے؟تفتیشی آفیسر کے شواہد کے مطابق موہڑہ نورمیں 240کنال اراضی شریک ملزمہ فرحت شہزادی کے نام ٹرانسفر ہوئی؟۔ اراضی قیمت ادائیگی کا کوئی بھی ثبوت ریکارڈ پر موجود نہیں؟ کیا آپ اپنے دفاع میں کوئی شواہد پیش کرنا چاہتے ہیں؟ کیا آپ حلف پر بطور گواہ پیش ہونا چاہیں گے؟ کیس کی سماعت آج 11 نومبر کو ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن