بھکر‘ ٹھٹھہ‘ چنیوٹ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ نمائندہ نوائے وقت) دھند اور سموگ کے باعث ٹریفک حادثات میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 25 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھکر میں ایم ایم روڈ پر مسافر بس سڑک کنارے کھڑے ٹریلر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔ بس اوچ شریف سے راولپنڈی جا رہی تھی۔ نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ اس کے علاوہ ٹھٹھہ میں قومی شاہراہ پر دھند کے باعث 6 گاڑیاں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوئے ہیں۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے اور ملتان دوسرے نمبر پر آگیا۔ گلے، آنکھوں کے امراض میں شدت کے بعد شہریوں نے حکومت سے بلا تاخیر مصنوعی بارش برسانے کا مطالبہ کر دیا۔ دریں اثناء چنیوٹ میں جھنگ روڈ پنگو موڑ پر دو موٹر سائیکلز کے تصادم میں 40 سالہ محمد نواز 35 سالہ ناظمہ بی بی، 40 سالہ صفدر اور 65 سالہ نسیم بی بی ساکن چک نمبر 144شدید زخمی ہو گئیں۔ دریں اثناء سموگ کا دائرہ پنجاب سے نکل کر خیبر پختونخوا تک پھیل گیا۔ پشاور 657 پارٹکیولیٹ میٹرز کے ساتھ ملک کا آلودہ ترین شہر رہا۔ ملک میں آلودہ ترین شہروں کی ترجہ بندی میں ملتان 439 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور لاہور 339 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ گزشتہ روز ایک موقع پر لاہور 586 پوائنٹس کے ساتھ دنیا کا آلودہ ترین شہر رہا۔ راولپنڈی دن کے ایک وقت 254 سکور کے ساتھ ملک کا چوتھا آلودہ ترین شہر رہا۔ فضائی آلودگی کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔ ملتان کی 6 پروازیں منسوخ جبکہ لاہور کی 2 پروازوں کو سیالکوٹ اور اسلام آباد اتارا گیا۔ ملک بھر میں 29 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔