سندر (نامہ نگار) رائیونڈ سالانہ بین الاقوامی2024ء عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ آہوں، سسکیوں اور رقت آمیز دعا کے ساتھ ختم ہو گیا۔ بعد نماز فجر مولانا عبیداللہ خورشید نے رشد و ہدایت میں کہا کہ ملک کو نفرتوں کی تیز آندھیوں سے بچانے کے لئے سب سے بڑا میزائل دعا اور اللہ سے قربت ہے۔ اسلام تلوار سے نہیں اخلاق سے پھیلا ہے۔ میرے بھائیو! دعا اللہ کے ساتھ تعلق کی وضاحت کرتی ہے، دعا کو مت چھوڑیں اور نہ ہی اللہ سے کبھی نا امید ہوں۔ اللہ تو لوگوں پر کچھ ظلم نہیں کرتا بلکہ لوگ خود ہی اپنے آپ پر ظلم کرتے ہیں۔ مسلمانو! حضور اقدسؐ نے فرمایا کہ تم امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرتے رہو دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو جائو گے، اللہ سے مدد طلب کرتے رہو دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوجاؤ گے۔ اس پنڈال کا مقصد جو تم نے سنا اور جو تم نے دیکھا اس کو دوسروں تک پہنچائیں۔ تشکیل پانے والی جماعتیں دین اسلام کی تبلیغ کیلئے اندرون اور بیرون ملک روانہ ہو رہی ہیں۔ مولانا ابراہیم دیولہ کی رقت آمیز دعا کا آغاز 8بجکر 30 منٹ پر ہوا۔ لاکھوں مسلمانوں کا ایک ساتھ ہاتھ اٹھانے کا روح پرور منظر قسمت والوں کو دیکھنا نصیب ہوتا ہے۔ اے اللہ مسلمان ملکوں میں اتحاد اور امن کی فضا پیدا کر دے۔ اے اللہ فلسطین کے مسلمانوں کو فتح اور مسجد اقصی کو یہود سے پاک کردے۔ اے اللہ امت کو پریشانیوں سے نکال دے۔ پوری دنیا میں دینی مدارس کی حفاظت فرما۔ یا اللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرما۔ اپنی رحمتوں و برکتوں کا نزول فرما۔ یا اللہ ہمارے اٹھے ہوئے ہاتھوں کو قبول فرما۔ دعوت و تبلیغ کے کام کو پوری دنیا میں پھیلا دے۔ مساجد کی حفاظت فرما۔ یا اللہ دین کی ہوائیں چلا دے۔ شرکاء اشکبار آنکھوں کے ساتھ اپنے گناہوں کی معافی اور بخشش مانگتے رہے۔ عالمی تبلیغی اجتماع کے آخری روز شرکاء کی تعداد 6لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ دوسرے مرحلہ میں تبلیغی مرکز تعلیم سے فارغ ہونے والے 200 سے زائد طالب علموں کی دستار بندی اور ازدواجی بندھن، حسب روایت تعلیم سے فارغ ہونے والے طالب علموں اور طالبات کے امیر جماعت مولانا نذالرحمان، اور مولانا ابراہیم دیولہ نے اجتماعی نکاح پڑھائے اور ان کو ضروریات زندگی کی اشیاء جہیز سمیت دے کر اپنی نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔