میران شاہ، راولپنڈی، اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ + اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خبر نگار خصوصی) شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں3مختلف کارروائیوں میں 9 نومبر کو سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 10 خوارج ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف‘ بلاول بھٹو اور وزیرداخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا اور خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ خوارج سکیورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ دوسری کارروائی میں سپین وام میں کی گئی۔ وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ہمت اور جذبہ کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اپنی بروقت اور فیصلہ کن مداخلت کے ساتھ خارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کچل دیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کامیاب کارروائی کو کو پاکستان کے لیے باعث فخر قرار دیا اور سکیورٹی فورسز پر قوم کے غیر متزلزل اعتماد کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر سکیورٹی اہلکاروں پر فخر ہے جنہوں نے بار بار خطرات کا سامنا کرتے ہوئے بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ آپریشن کی کامیاب حکمت عملی کو سراہتے ہوئے محسن نقوی نے مزید کہا کہ یہ آپریشن ملک کے کونے کونے سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ وفاقی وزیر نے حکومت کے زیرو ٹالرنس نقطہ نظر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے کا موقع نہیں دیں گے، ان کا مسلسل تعاقب کیا جائے گا جب تک ہر شہری کے لیے امن اور استحکام کا یقین نہ ہو جائے۔ محسن نقوی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوامی حمایت کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے شہریوں سے چوکنا رہنے اور مسلح افواج کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔ شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن دہشت گرد دھڑوں کو ایک مضبوط پیغام دیتا ہے کہ پاکستان انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پرعزم ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آخری خطرے کے خاتمے تک ایسی کوششیں جاری رکھیں گے۔ سکیورٹی فورسز نے سپن وام میں افغانستان سے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
افغانستان سے در اندازی پھر ناکام: شمالی وزیرستان میں 10 خوارج ہلاک، 6 زخمی
Nov 11, 2024