اٹک(نامہ نگار) سینئر نا ئب صدر آل پاکستا ن گڈز فیڈریشن کے پی کے حا جی اطلس خان نے ڈی پی او کو دی جانے والے درخوا ست میں مو قف اختیار کیا ہے کہ اٹک خورد چیک پوسٹ پر ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر آل پختونخوا گڈز ٹرانسپورٹ فیڈریشن کے عہدیدار سکندر خان اور دیگر کو اٹک خورد چیک پوسٹ پر رشوت دینے سے انکار پر مبینہ طور پر زدوکوب کیا اور مارا پیٹا، سکندر خان کو بعد ازاں تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال اٹک منتقل کیا گیا ، انہو ں نے کہا کہ ایس ایچ او تھانہ اٹک خورد شہروز خانزا دہ جو کہ سادہ کپڑوں میں تھے نے سکندر خان اور دیگر کو ڈنڈے سے شدید مارا پیٹا، جس کی وجہ یہ ہے کہ ٹرالر ڈرائیوروں نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو رشوت دینے سے انکار کر دیا ، ٹرانسپورٹرز کی بڑی تعداد چیک پوسٹ اور بعد ازاں ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سامنے جمع ہو گئی اور اٹک پولیس کی روا یتی بے حسی اور غیر انسانی رویے کے خلاف بھر پو ر احتجاج ریکا ر ڈ کروا یا اور انصاف نہ ملنے پر مین جی ٹی روڈ کو مکمل بلاک کرنے کی دھمکی بھی دے دی ، گڈز ایسوسی ایشن کے عہدیداران صدر حاجی لیاقت خان، سینئر نائب صدر حاجی اطلس خان اور دیگر نے ڈی پی او سے ملاقات کی اور انہیں تھانہ اٹک خورد کے ایس ایچ او اور دیگر سٹاف کے غیر انسانی رویہ سے آگاہ کیا جس پر ڈی پی او نے انکوائری کا حکم دیا جو کہ آج 11 نو مبر 2024 کو ہو گی ، ڈی پی او غیا ث گل خان نے ٹرانسپورٹرز سے وعدہ کیا کہ تفصیلی انکوائری کے بعد انصاف کر کے ذمہ داروں کو قرا ر واقعی سزا دی جائے گی، تاہم آل پاکستا ن گڈز فیڈریشن نے تھانے اٹک خو رد کے ایس ایچ او اور دیگر تمام عملے کی فی الفور معطلی اور ٹرانسفر کا مطالبہ کیا ہے۔