سنجوال کینٹ (نامہ نگار) مورخہ 29 اکتوبر 2024 کو تھانہ اٹک خورد پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ مدروٹہ سے جانب چائنہ چوک ایک عورت کی نعش خون میں لت پت پڑی ہے جس پر پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی تو ایک عورت کی نعش جسکی شنا خت قریب پڑے بیگ برآمد شناختی کارڈ مسماۃ ش۔م زوجہ عبدالقیوم ساکن فورملی تحصیل حضرو حال فرنٹیئر کالونی 1 سائیٹ کراچی غربی سے ہوئی جسکے منہ، سر اور گردن پر تشدد کے نشانات تھے۔ اٹک خورد پولیس کی ٹیم نے لواحقین کو مطلع کرنے کے لیے فورملی گاؤں میں اطلاع دی تو اہل علاقہ میں چند لوگ موقع پر آئے جن کے ساتھ مسمی مراد شاہ ولد محمد فردوس بھی موقع پر آیا جس نے بتلایا کہ گزشتہ شام اسی راستہ سے گزر کر اپنے گاؤں کی طرف جا رہا تھا اسی مقام پر مسمی گلبر ولد صنوبر سکنہ سرکہ ہاتھ میں پتھر لیے موجود تھا جو مجھے دیکھ کر گھبرا گیا اور راستہ چھوڑ کر کھیتوں کی طرف چل پڑا۔ مجھے قوی شبہ ہیکہ گلبر نے ہی اپنی بہن کو قتل کیا ہے۔ تھانہ اٹک خورد پولیس نے فوری طور پر اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے اپنی بہن کو قتل کرنے والے ملزم گلبر ولد صنوبر سکنہ سرکہ تحصیل حضرو کو ٹریس کر کے قلیل وقت میں گرفتار کر لیا جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا تھا کہ درندگی اور وحشت کا مظاہرہ کرنے والے عناصر کو عدالت سے قرار واقعی سزا دلوا کر نشان عبرت بنایا جائے گا تاکہ ایسی وحشت زدگی نہ ہو۔