اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی کو مزید فعال اور متحرک کرنے کے لئے نئے ونگز کے قیام کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد پارٹی میں نئے وزنگز قائم کرکے ذمہ داران کے نوٹیفکیشنز بھی جاری کردیئے گئے۔ اس مقصد کے لئے مسلم لیگ ہائوس میں پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد کی زیرصدارت ایک اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پارٹی کی ویمن ونگ کی مرکزی صدر اور رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفی ملک، جنرل سیکرٹری فیڈرل کیپیٹل چوہدری جہانگیر اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت پر پارٹی کو ملک بھر میں منظم کررہے ہیں۔ اس مقصد کے لئے پرانے ونگز کو فعال اور مزید نئے ونگز بھی قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں جلد ممبرسازی کا عمل شروع کیاجارہا ہے۔ چوہدری شافع حسین اور پارٹی ایم پی ایز کے ساتھ مل کر پنجاب میں تنظیم اور رکنیت سازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر جمعہ کو مسلم لیگ ہائوس اسلام آباد اور ہر پیر کو لاہور میں پارٹی کا اجلاس منعقد کیاجائے گا جس میں کارکردگی کا جائزہ لیاجائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ کے نئے ونگز قائم ، ذمہ داران کے نوٹیفکیشنز جاری
Nov 11, 2024