اسلام آباد (خبرنگار)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی ’’مجلس چہلم شہید حسن نصراللہ و شہدائے قدس‘‘کااجتماع مرکزی امام بارگاہ جی سکس ٹو میں منعقد ہوا، مقررین میں سربراہ ایم ڈبلیو ایم سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ سید حسن ظفر نقوی، معروف عالم دین و خطیب علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی، علامہ سید علی حسین مدنی، زاکر اہلبیت وسیم عباس بلوچ، قاضی وسیم عباس، مولانا مرتضی علوی و دیگر نے خطاب کیاسینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شرکا چہلم سے خطاب کرتے ہوئے کہا سید حسن نصراللہ ایک کریم اور لطیف شخصیت کے مالک عظیم انسان تھے، آپ کسی پر ظلم برداشت نہیں کرتے تھے، اگر کسی نے عزت سے جینا اور مرنا ہے تو شہدائے قدس کے نقش قدم پر چلے، ان عظیم شہدا نے اسرائیل کی طاقت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، شہدا تحریک مقاومت کے سر کا تاج ہیں، شہدا نے تحریک آزادی قدس کو نئی زندگی دے دی ہے، تاریخ گواہ ہے خیبر کو یا مولا علی نے فتح کیا یا علی والے کریں گے، سید حسن نصراللہ کی شہادت سے حزب اللہ کمزور نہیں ہوئی، آج نتن یاہو اپنے گھر میں محفوظ نہیں رہا بنکروں میں چھپتا پھر رہا ہے۔