اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)کوئٹہ خودکش حملہ نہایت بزدلانہ حرکت ہے، دہشت گردی پھیلاکرمذموم مقصد پورے نہیں کئے جاسکتے، حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، حکومت زخمیوں اور شہدا کے ورثا کی مالی امداد کااعلان کرے۔ حملے میں شہید ہونے والی مسیحی بیٹی شائستہ رفیق کوسلام۔ پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل سیکرٹریٹ کے انچارج اور سابق امیدوار قومی اسمبلی سید سبط الحیدر بخاری، ضلعی صدر راجہ شکیل عباسی ایڈووکیٹ،سٹی صدر افتخار شہزادہ۔ مرکزی مسیحی رہنما راشد چوہان۔ہیومن رائٹس سیل کے طارق غوری۔سہیل رومی اور پاسٹر زاہد اقبال نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کوئٹہ خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست کئے جاسکتے ہیں نہ ہی اپنے مذموم اور گھنانے مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔پیپلز پارٹی رہنماں کامزید کہنا تھا کہ حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے ہمارے جگرگوشے اورانکے لواحقین کے غم و الم میں برابر کے شریک ہیں۔ سید سبط الحیدر بخاری کاکہنا تھا کہ حکومت زخمیوں اور شہدا کے ورثا کیلئے مالی امداد کااعلان کرے۔