پی ٹی آ ئی ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے  16 نومبر کی تاریخ مقرر 

Nov 11, 2024

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ سمیت تمام ملزموں کی حاضری مکمل نہ ہونے کے باعث کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے لئے 16 نومبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے عدالت نے رہ جانے والے بیشتر ملزمان میں مقدمہ کی نقول تقسیم کرنے کے بعد سماعت ملتوی کرنے کے ساتھ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر بھی فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، عدالتی حکم پر جیل انتظامیہ نے سابق چیئرمین سے ان کے بیٹوں کی ٹیلیفونک رابطے کی رپورٹ بھی پیش کردی ہے گزشتہ روز سماعت کے موقع پر عمر ایوب، زرتاج گل، راجہ بشارت، شبلی فراز، صداقت عباسی، راجہ راشد حفیظ، واثق قیوم عباسی اور کرنل (ر) اجمل صابر سمیت وفاقی و صوبائی وزرا اراکین اسمبلی اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد ہونا تھی چونکہ مقدمہ کا مرکزی ملزم و تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کے جیل میں ہونے کے باعث اس مقدمہ کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوتی ہے تاہم گزشتہ روز جیل میں سماعت نہ ہوسکی عدالت نے ملزمان کی حاضری کے بعد ایسے ملزمان جن میں کسی بھی وجہ سے مقدمہ کی نقول تقسیم نہیں ہوسکی تھیں انہیں نقول فراہم کرنے کے بعد سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی دوران سماعت شیخ رشید احمد کی بریت کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

مزیدخبریں