پاک آسٹریلیا مضبوط، دوطرفہ تعلقات، امن اور استحکام کے مشترکہ اہداف کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے: آرمی چیف

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے چیف آف آرمی اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹورٹ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آسٹریلین آرمی چیف نے جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاک آسٹریلیا عسکری قیادت کے باہم دلچسپی کے امور بالخصوص علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان اور آسٹریلیا کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک آسٹریلیا مضبوط، دوطرفہ تعلقات، امن اور استحکام کے مشترکہ اہداف کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔  آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فریقین نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔عسکری قیادت نے علاقائی، عالمی امن کیلئے تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹورٹ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔آسٹریلئین آرمی چیف نے دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔جی ایچ کیو آمد پر آسٹریلین آرمی چیف نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آسٹریلئین آرمی چیف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن