وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام وقت کی ضرورت ہے. جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عرب اسلامک سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ غزہ میں فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل غزہ میں جارحیت کی تمام حدیں پار کرچکا ہے. اس وقت بھوک، افلاس اور قحط نے غزہ میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔انہوں نے کہاکہ غیرمعمولی اجلاس میں شریک تمام سربراہان حکومت کو سلام پیش کرتا ہوں. فلسطین کی صورتحال پر ہم سب کا جمع ہونا اہم اقدام ہے۔وزیراعطم پاکستان نے کہاکہ غزہ میں ہزاروں افراد شہید جبکہ لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں. اسرائیل کے ہاتھوں عالمی قوانین اور اقدار کی پامالیاں کی جارہی ہیں. عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی مظالم رکوائے۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل فلسطین میں امداد کی بندش کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کررہا ہے. غزہ میں انسانی بحران تصور سے بڑھ کر ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر فوری پابندی عائد کی جائے. اسرائیل کے ایران کے خلاف اقدامات بھی تشویش کا باعث ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عرب اسلامک کانفرنس جاری ہے، جس میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سمیت عرب لیگ اور او آئی سی کے اہم حکام شریک ہیں۔
اس سے قبل خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، فلسطین کے صدر محمود عباس اور دیگر نے بھی غزہ میں اسرائیل کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔