مکرمی! اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ قوم کی بیٹی ملالہ یوسف زئی کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔ ملالہ یوسف زئی اور دیگر طالبات پر حملہ ہماری غیرت، عزت، وقار، تقدس پر حملہ ہے۔ حملہ کرنے والے دہشت گردوں نے امت مسلمہ، ملت اسلامیہ پاکستان کی بیٹیوں کو ٹارگٹ کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان ظالموں کو عبرتناک انجام سے دو چار کرے۔ اب دوسرا سوال اور سوچنے، پرکھنے اور جانچنے کی بات ہے کہ وہ امریکہ جس نے ڈرون حملے کرکے ہزاروں افراد کو ہلاک اور معصوم بچوں اور خواتین کو بربریت کا نشانہ بنایا، امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے ملالہ یوسف زئی پر حملے کی شدید مذمت کی۔ پھر ٹی وی چینلز پر خبر نشر ہوئی کہ طالبان نے ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ یہ کون سے طالبان ہیں؟ اب خبر آئی ہے کہ صوبہ خیبر پختون خواہ حکومت کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین کی ملالہ یوسف زئی پر حملہ کے رد عمل کے بعد اب شمالی وزیرستان میں فوجی کارروائی کا وقت آ گیا۔ ہماری خفیہ ایجنسیاں کئی مرتبہ باور کرا چکی ہیں کہ کئی غیر مسلم قبائلی علاقوں میں باریش بن کر طالبان کا روپ دھار ے ہوئے ہیں۔ سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مارے گئے دہشت گرد غیر مسلم نکلے۔ قوم، حکومت، قومی سلامتی کے اداروں اور میڈیا سے التماس ہے کہ جلد بازی میں کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں کہ ہم جغرافیائی، تہذیبی نقصان کر بیٹھیں اور بعد میں پچھتائیں۔ ملالہ یوسف زئی پر حملہ پاکستان کے دشمن ظالمان کی کارروائی ہے۔(چودھری فرحان شوکت ہنجرا، لاہور۔ 0321-4291302)