پشاور (نوائے وقت نیوز + آئی این پی) آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ قابل مذمت ہے۔ گذشتہ روز آرمی چیف نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور ملالہ یوسف زئی کے علاج معالجے سے متعلق دریافت کیا، ان کی عیادت کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے ملالہ یوسف زئی کے والدین سے ملاقات کی اور کہا کہ ملالہ پر دہشت گردوں کا حملہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے نزدیک انسانی زندگیوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ سفاکانہ کارروائیاں کرنے والے طالبان خود ساختہ نظریات کیلئے کسی بھی حد تک گر سکتے ہیں۔ ملالہ پر حملہ کرکے وہ اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ اس کیلئے ہر قیمت ادا کرنے پر تیار ہیں۔ جنرل کیانی نے کہا کہ ملالہ بہادری اور امید کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو حدیث نبوی کے سنہری حروف کا پاس بھی نہیں۔ حدیث نبوی ہے کہ بچوں سے شفقت نہ کرنے والا ہم میں سے نہیں ہے۔ یہی اقدار ہمارے اسلامی معاشرے کے بھی ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ دہشت گردوں نے بچوں کو نشانہ بنایا۔ دہشت گردوں کا پریڈ لائن راولپنڈی پر حملہ تکلیف دہ تھا، بچوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا اور یاد رہے ہم قیمت ادا کرنے سے بے پرواہ ہوکر لڑیں گے۔ انشاءاللہ ہم سرخرو ہوں گے۔ دہشت گردوں کو قوم کے عزم کا درست اندازہ نہیں۔ دہشت گردی کے واقعات سے قوم کو مزید متحد ہونے کی تقویت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ پر حملہ دہشت گردی کا بدترین اقدام ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ ملالہ اور پاک فوج آئندہ نسلوں کے لئے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ پر غیر انسانی حملہ انتہا پسندانہ ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے، دہشت گردوں کے نزدیک انسانی زندگی کی کوئی اہمیت نہیں انتہا پسند اپنے مکروہ عزائم کے لئے نظریات کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی دہشت گردی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، اس لعنت کے خاتمے کے لئے ہر قیمت ادا کریں گے۔جنرل اشفاق پر ویز کیانی نے کہا ہے کہ ملالہ یوسفزئی پر حملہ کرتے وقت دہشت گرد اس حقیقت سے ناآشنا تھے کہ وہ محض ایک فرد نہیں بلکہ جرا¿ت اور اُمید کی علامت ہیں یہ دہشت گرد سوات کے عوام اور قوم کی ان عظیم قربانیوں کا بدلہ لینا چاہتے ہیں جو انہوں نے سوات کی وادی کو دہشت گردی کی لعنت سے صاف کر نے کے لئے دیں ملالہ یوسفزئی ان اقدار کی علامت ہے جس کی خاطر پاک فوج پوری قوم کی تائید سے اپنی نئی نسلوں کو محفوظ کرنے کے لئے جنگ لڑ رہی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ یہ اسلامی معاشرہ کی اعلیٰ روایات ہیں جو آزادی، انصاف اور مساوات کے اصولوں پر مبنی ہے، اسلام مرد اور خواتین تمام کو جان، مال اور انسانی احترام کے ساتھ عقیدہ اور تعلیم کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔
دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکیں گے‘ ہر قیمت دینے پر تیار ہیں : آرمی چیف
Oct 11, 2012