اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان نے جدید ترین الخالد I ٹینک تیار کیا ہے جو رات کے وقت بھی تباہ کن کارروائیاں کرسکتا ہے۔ نوائے وقت کو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ چین اور پاکستان کے اشتراک سے تیار ہونے والے الخالد ٹینک میں ڈیزائن اور اس پر نصب جنگی آلات میں ترمیم کرکے پاکستان نے الخالد I کے نام سے نیا ٹینک بنایا ہے۔ یہ ٹینک ریگستانوں اور ناہموار علاقے میں دشمن کے خلاف آسانی سے کارروائیاں کر سکتا ہے۔ ٹینک رات کے وقت اندھیرے میں دشمن کے ٹینکوں اور دوسرے اہداف کو واضح طور پر دیکھ کر انہیں نشانہ بنا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ٹینک مستقبل میں پاکستان مین بیٹل ٹینک بن جائے گا جس کے بعد پاکستان کا غیرملکی ٹینکوں پر انحصار بڑی حد تک ختم ہو جائے گا۔