واشنگٹن (وقت نیوز+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) امریکی صدر بارک اوباما نے ملالہ یوسفزئی پر حملے کی مذمت کی ہے۔ بارک اوباما نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ بربریت ہے۔ انہوں نے ملالہ یوسفزئی کیلئے ایئر ایمیولینس اور علاج کی پیشکش کی ہے۔ ترجمان وہائٹ ہاﺅس جے کار نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ ملالہ یوسف زئی کیلئے جو امداد ممکن ہو سکے گی ضرور کرینگے۔ علاوہ ازیں عالمی رہنماﺅں کی طرف سے ملالہ پر حملے کی مذمت کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ ملالہ کے جذبے اور ہمت کو سراہتے ہیں۔ افغان صدر حامد کرزئی نے صدر آصف زرداری کو فون کیا، افغان صدر نے ملالہ یوسف زئی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ملالہ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے اور کہا ہے کہ حملے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ علاوہ ازیں یورپی یونین نے بھی ملالہ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ برطانیہ کی حکمران جماعت کنزر ویٹو پارٹی کی سابق چیئرپرسن سعیدہ وارثی نے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی تعلیم اور انسانی حقوق کے حوالے سے ملالہ یوسف زئی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اسلام امن کا مذہب ہے، وہ بے گناہ لوگوں اور بالخصوص بچوں پر حملے کی اجازت نہیں دیتا۔ کینیڈین کمشن نے اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام ملالہ اور دیگر زخمی بچیوں کی صحت یابی کےلئے دعاگو ہیں۔ فرانس نے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے ایک نہتی لڑکی پر یہ قاتلانہ حملہ بزدلی اور سفاکی کا ثبوت ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور ملالہ اور ا±س کے خاندان کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی رہنماﺅں کی مذمت جاری، اوباما نے ملالہ کیلئے ایئر ایمبولینس اور علاج کی پیشکش کر دی
Oct 11, 2012