ابوظہبی (اے پی پی) متحدہ عرب امارات نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایشین کرکٹ کونسل ٹرافی 2012-13 کے فائنل میں جگہ بنا لی، افغان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 70 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یو اے ای نے ہدف 24 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ دبئی میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں افغانستان کے کپتان نوروز مینگل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 30.4 اوورز میں 70 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، جاوید احمدی 29 اور کریم صادق 12 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا، شدیپ سلوا اور احمد رضا نے تین تین جبکہ ارشد علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ متحدہ عرب امارات نے ہدف 23.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، حارون افتخار 34 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، احمد رضا کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔