’’انارکلی دھماکہ طالبان سے مذاکرات میں پیش قدمی روکنے کی سازش ہے‘‘

Oct 11, 2013

لاہور (احسان شوکت سے) ٹورسٹ سٹریٹ انارکلی بم دھماکہ کے حوالے سے حساس اداروں نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہونے اور اسے طالبان کے ساتھ حکومتی مذاکرات کے حوالے سے پیش قدمی روکنے کی سازش قرار دیا ہے۔ حساس اداروں کے مطابق وطن دشمن عناصر نے یہ دھماکہ انسانی ہلاکتوں کی بجائے خوف  و ہراس پھیلانے اور اس کی آڑ میں اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لئے کیا ہے جس میں بھارتی ایجنسی را اور بھارتی فنڈز پر پلنے والی ایک صوبائی علیحدگی پسند تحریک کی شمولیت کے حوالے سے ثبوت ملے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ دھماکہ طالبان اور ان کے حامیوں کی جانب سے کئے گئے ماضی کے دھماکوں جن میں انسانی ہلاکتوں کا موجب بننے والے بال بیرنگ، پیچ، کیل اور لوہے کے ٹکڑوں کی بجائے انتہائی کم مقدار میں باریک بال بیرنگ اور زیادہ مقدار میں بارود استعمال کیا گیا ہے جس کا مقصد انسانی جانیں لینا نہیں بلکہ اس تخریب کاری کا مقصد امن امان کی فضا کو سبوتاژ کرنا اور شدید خوف ہراس کی فضا پھیلانا ہے۔ ماضی میں بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ وطن عزیز میں ایسے متعدد دھماکوں میں ملوث پائی گئی ہے جس کے تحت دھماکہ خیز مواد اپنے ہدف پر نصب کرکے اسے موبائل ڈیوائس یا پھر الیکٹرک ڈیوائس پر ٹائم فکس کرکے دھماکہ کر دیا جاتا ہے۔ گزشتہ روز ہونے والا ٹورسٹ سٹریٹ دھماکہ بھی اس نوعیت اور طرز کا تھا جس کا مقصد زیادہ انسانی جانیں لینا نہیں بلکہ خوف ہراس پھیلانا تھا اس وجہ سے تخریب کاروں نے ٹورسٹ سٹریٹ کو کچھ عرصہ میں دوسری بار ٹارگٹ کیا گیا تاکہ شہریوں میں زیادہ سے زیادہ خوف پھیل  سکے اور وہ عدم تحفظ کا شکار ہوں۔ 

مزیدخبریں