دہشت گردی کیخلاف جنگ جیتیں گے: حمزہ شہباز ‘ بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت

Oct 11, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے پاکستانی قوم اس وقت دہشت گردی کے خلاف حالت جنگ میں ہے۔ مذاکرات ہوں یا مقابلہ، دونوں صورتوں میں قوم یہ جنگ جیتے گی۔ ملک میں امن کی بحالی کی کوششوں کی کامیابی کے لئے اہل وطن کو وزیراعظم نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے۔ قومی اتحاد و اتفاق کی طاقت سے امن کے دشمنوںکو زیرکیا جا سکتا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں میوہسپتال میں پرانی انارکلی کے بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز شریف میوہسپتال ایمرجنسی میں زیر علاج تمام زخمیوں کے پاس فرداً فرداً گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ بھی موجود تھی۔ حمزہ شہباز شریف کو بتایا گیا کہ زیادہ ترزخمی افراد کی حالت تسلی بخش ہے اور انہیں ہرممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ حمزہ شہباز زخمی افراد کے لواحقین سے بھی ملے اور اس افسوسناک واقعہ پر ان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا بے گناہ انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے دہشت گرد انسانیت کے سفاک دشمن ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان افراد کو ہر حال میں گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ بعدازں حمزہ شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فرینزک لیب کی رپورٹ آنے سے پہلے دھماکے کے بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہے تاہم دہشت گردی کے واقعات میں پشاور، کوئٹہ، کراچی اور اب لاہور میں بے گناہ انسانوں کی جانوں کے ضیاع سے ہر پاکستانی پریشان ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے ایک سوال کے جواب میں کہا پرانی انارکلی بم دھماکے میں جاں بحق و زخمی افراد اور ان کے اہل خانہ کو مالی امداد دیں گے تاہم رقوم سے ان کے زخموں کا مداوا ممکن نہیں۔ شہروں اور سڑکوں اور چوراہوں میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مستعد اور چوکنا رہنا ہوگا بلکہ عام شہریوں کو بھی اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھنی چاہئے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی مذاکرات کی پالیسی کو حکومت کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ وزیراعظم نواز شریف قوم کے وسیع تر مفاد میں دہشت گردی کی آگ بجھانے کے لئے ہرممکن کوششیں کر رہے ہیں۔ 

مزیدخبریں