اوٹاوہ (بی بی سی + اے ایف پی) کینیڈا سے تعلق رکھنے والی افسانہ نگار ایلس منرو کو 2013 کے نوبل انعام برائے ادب سے نوازا گیا ہے۔ سویڈش اکیڈمی کے مستقل سیکرٹری پیٹر انگلنڈ نے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہم عصر افسانے کی ماہر ہیں۔ وہ 13ویں ادیبہ ہیں جنھیں ادب کا نوبل انعام ملا ہے۔ منرو نے انعام کے اعلان کے بعد کینیڈین میڈیا کو بتایا مجھے معلوم تھا کہ میں بھی اس دوڑ میں شامل ہوں لیکن مجھے کبھی خیال نہیں آیا کہ میں جیت سکتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ سمجھتی تھی کہ میرے لئے نوبل انعام جیتنا ایک غیرحقیقت پسندانہ خواب کی طرح ہے جو ہو سکتا ہے کہ سچا ثابت ہو جائے لیکن زیادہ امکان یہی ہے کہ نہ ہو۔ انہوں نے ایک بار اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میرے خیال سے میں اس لیے کامیاب ہوں کہ مجھ میں کوئی اور خاصیت نہیں ہے۔ میں کوئی دانشور نہیں ہوں، میں تو بس ایک عام سی خاتونِ خانہ ہوں۔
کینیڈین افسانہ نگار ایلس منرو نے ادب کا نوبل انعام جیت لیا
Oct 11, 2013