لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس میں فوری طور پر کمی لائی جائے ۔ ایم این اے پرویز ملک اور سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ اگر پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں فوراً کمی نہ کی گئی تو کاروباری برادری کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔ میاں نعمان کبیر، سید محمود غزنوی، شیخ محمد آصف، محمد علی میاں، عرفان اقبال شیخ اور میاں طارق مصباح نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اس موقع پر ایک چھ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس میں ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے، سید محمود غزنوی، محمد آصف، محمد علی میاں اور ایگزیکٹو کمیٹی ر±کن ناصر سعید شامل ہونگے۔ سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے ڈائریکٹر جنرل کو مختلف مارکیٹوں کے نمائندوں سے رابطہ کرکے فیڈ بیک لینے کی ہدایت کی۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ لاہور چیمبر کے بہت سے ممبران نے پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں اضافے کی شکایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رورل ایریاز میں ٹی ایم اوز نے انڈسٹری کو فٹ کے حساب سے نوٹسز جاری کیے ہیں جو غیر منصفانہ ہے ۔ رورل اور اربن ایریاز کی صنعتوں سے یکساں سلوک ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پراپرٹی ٹیکس ریٹ ریٹ کم نہ کیا گیا تو معاشی انفراسٹرکچر کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوس روڈ اور ایم ایم عالم روڈ کو اے کیٹگری میں شامل کردیا گیا ہے حالانکہ ایم ایم عالم روڈ پر پراپرٹی کی کمرشل ویلیو کہیں زیادہ ہے۔
پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں اضافہ مسترد، کمی لائی جائے: لاہور چیمبر
Oct 11, 2014