ملتان (نمائندہ نوائے وقت + نوائے وقت رپورٹ) سٹیج پر سیڑھی نہ ہونے کے باعث عمران خان، شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید کھمبے کے ذریعے سٹیج پر پہنچے۔ لوگوں کی بڑی تعداد دوپہر سے ہی جلسہ گاہ میں پہنچنا شروع ہوگئی تھی۔ ٹولیوں کی آمد کے موقع پر گرائونڈ گو نواز گو کے نعروں سے گونجتا رہا۔ وہاڑی اور قریبی اضلاع سے لوگوں کی بڑی تعداد جلسہ میں شرکت کیلئے پہنچی۔ تحریک انصاف کے جلسے میں سٹیج پر بدنظمی پر عمران نے ناراضی کا اظہار بھی کیا۔ عمران خان نے اپنی تقریر میں خواتین کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ عمران خان نے جاوید ہاشمی کے خلاف کوئی بات نہیں کی، آزاد امیدوار عامر ڈوگر سٹیج پر موجود رہے۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں جاوید ہاشمی کا سرسری ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے ہاشمی کو عزت دی تھی اس کے بدلے میں جاوید ہاشمی نے تحریک انصاف کو کیا دیا ہے۔ شاہ محمود قریشی اور عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد ’’گو نواز گو‘‘، ’’کون بچائے گا پاکستان‘‘، ’’آئی آئی پی ٹی آئی‘‘ کے نعرے لگواتے رہے۔ شیخ رشید عمران خان اور شاہ محمود قریشی کا خطاب سنے بغیر ہی واپس چلے گئے۔ تحریک انصاف نے قاسم باغ فٹ بال سٹیڈیم میں ہونے والے جلسے میں اڑھائی لاکھ سے تین لاکھ تک افراد کی شمولیت کا دعویٰ کردیا۔ اسلام آباد کی زوہا، کراچی کی فاطمہ، لاہور کی ڈاکٹر کے زاہا اور اداکارہ میرا کے بعد ملتان کی ارم نے بھی اپنے کپتان سے شادی کی خواہش کا اظہار کردیا۔ شیخ رشید نے جاوید ہاشمی کو کسی بھی ’’کھڈی والے‘‘ کی جانب سے ووٹ دینے پر اپنا نام ’’نواز شریف‘‘ رکھنے کا چیلنج کردیا۔
عمران کھمبے کے ذریعے سٹیج پر پہنچے جاوید ہاشمی کیخلاف بات نہیں کی ملتان کی ارم بھی عمران سے شادی کی خواہشمند
Oct 11, 2014