لاہور ( نمائندہ سپورٹس) پاکستان کے سرحدی علاقو ں پربھارتی جارحیت کے باعث مردو خواتین ہاکی ٹیموں کا دورہ بھارت کھٹائی میں پڑگیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دورہ کی کلیئرنس کیلئے وزارت خارجہ سے رابطے کا فیصلہ کرلیا۔ پی اےچ اےف نے ریسٹ آف پاکستان کے نام سے خواتین جبکہ پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن نے مردوں کی ٹیم رواں ماہ جالندھر میں ہونے والے سرجیت سنگھ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھیجنے کا فیصلہ کیا تھالیکن عید سے قبل بھارتی افواج کی جانب سے سرحدی علاقوں میں بلا اشتعال بمباری کے نتیجہ میں ہونے والی ہلاکتوں کے باعث مرد و خواتین ٹیموں کا دورہ منسوخ ہونے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دونوں ٹیموں کے ویزوں کیلئے درخواستیں گزشتہ ماہ بھارتی ہائی کمیشن کو بھجوائی تھیں جس کا تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوسکا۔ پی ایچ ایف نے متعدد بار اس سلسلہ میں ہائی کمیشن سے رابطہ بھی کیا لیکن اس بارے کوئی تسلی بخش جواب نہ مل سکا۔پی ایچ ایف نے دونوں ممالک کے مابین کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ٹیموں کے دور ہ بھارت کیلئے وزارت خارجہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی ایڈوائس کی روشنی میں ٹیموں کو بھارت بھیجنے یا روکنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔دوسری جانب ٹیموں کے تربیتی کیمپوں میں شریک کھلاڑیوں کے والدین نے بھی موجودہ حالات میں اپنے بچوں کو بھارت بھیجنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔