منڈی احمد آباد: مخالفین کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے امیدوار چیئرمین ملک اسلم چنا سپردخاک ‘آصف زرداری کی مذمت، قتل کا ایک ملزم گرفتار

Oct 11, 2015

منڈی احمدآباد / حجرہ شاہ مقیم/ کراچی (نامہ نگار / سٹاف رپورٹر/این این آئی) مخالفین کی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے پیپلز پارٹی کے رہنما سابق ناظم یونین کونسل قادر آباد اور امیدوار چیئرمین ملک اسلم چنا کی نماز جنازہ انکے آبائی گائوں قادر آباد میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں میاں منظور وٹو، خرم جہانگیر وٹو اور دیگر شخصیات سمیت علاقہ بھر سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ قتل کی لرزہ خیز واردات پر علاقے کی فضا سوگوار رہی۔ دوسری طرف پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرآصف علی زرداری نے دیپالپور میں پارٹی کارکنوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ہفتہ کو جاری اپنے مذمتی بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق منڈی احمد آباد میں بلدیاتی امیدوار اسلم چنا کے قتل کے ملزم مظہر چنا کو گرفتار کر لیاگیا۔ ڈی پی او اوکاڑہ نے بتایا کہ مظہر چنا کو قصبہ حیات پور سے گرفتار کیا گیا۔

مزیدخبریں