لاہور (خبر نگار) صدر پیپلزپارٹی پنجاب میاں منظور احمد وٹونے یونین کونسل قادر آباد (اوکاڑہ) کی چیئرمین شپ کے امیدوار محمد اسلم چنا کے بہیمانہ قتل کو ایک سیاسی قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران جماعت کے مقامی اکابرین نے ایک گہری سازش اور منصوبہ بندی کے تحت محمد اسلم چناکو اپنے راستے سے ہٹایا ہے۔ محمد اسلم چنا پی پی ۔188 کے حلقے سے پیپلز پارٹی کے زونل صدر تھے اور یونین کونسل قادر آباد کی چیئرمین شپ کا الیکشن لڑ رہے تھے۔ وہ اس حلقے سے اس سے پہلے بھی چار مرتبہ منتخب ہوئے تھے۔ میاں منظور احمد وٹو نے اس قتل کے علاوہ پیپلز پارٹی کے دو اور کارکنوں کے اس واقعہ میں قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ضلع اوکاڑہ میں انکے سوگ میںبلدیاتی انتخابات سے متعلقہ تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور مقتول کے خلاف سازش کو بے نقاب کرنے کے علاوہ ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔
اوکاڑہ میں اسلم چنا سمیت پیپلزپارٹی کے 3 کارکنوں کا قتل قابل مذمت ہے: منظور وٹو
Oct 11, 2015