لیما (اے پی پی) افریقی ترقیاتی بینک کے سربراہ ایکن وامی ایڈسینا نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر افریقہ ہو رہا ہے اور اس حوالہ سے سب سے کم امداد افریقہ کو دی جارہی ہے۔ افریقن ڈویلپمنٹ بینک کے سربراہ ایکن وامی ایڈسینا کا لیما میں عالمی مالیاتی اداروں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے ساتھ ہونے والے سالانہ اجلاس میں کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی اورغیریقینی موسمیاتی صورتحال کا سب سے زیادہ اثر افریقہ پر ہورہا ہے اور اس حوالہ سے عالمی اداروں اوردنیا کے دیگرممالک کو افریقہ کی امداد میں اضافہ کرنا ہوگا تاکہ تیزی سے بدلتی موسمی صورتحال پر قابو پایا جاسکے اور گلوبل وارمنگ کے اثرات کو کم کیا جاسکے۔ ایڈسینا کا کہنا تھا کہ افریقی خطہ صر دو فیصد کاربن کا اخراج کررہا ہے جبکہ باقی دنیا سے کاربن کا وسیع اخراج جاری ہے اور کاربن کے اخراج سے افریقی خطہ سب سے زیادہ متاثر بھی ہورہا ہے۔