لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام سینئر اور جونیئر ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی تین میچوں کی سیریز پاکستان سینئر ٹیم نے دو صفر سے جیت لی۔ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان سینئر ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں پر مشمل ٹیم نے جونیئر ٹیم کے خلاف ایک کے مقابلے دو گول سے کامیابی اپنے نام کی۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ کے مہمان خصوصی صدر پی ایچ ایف بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر تھے۔ اس میچ کے پہلے کوارٹر میں پاکستان جونیئر ٹیم کی جانب سے میچ کے ساتویں منٹ میں کپتان دلبر کے پاس پر محسن صابر نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تیسرے ہاف کے خاتمے تک جونیئر ٹیم کی برتری برقرار رہی۔ میچ کے پچاسویں منٹ میں حسیم خان کے شاندار کراس پر ارسلان قادر نے گول کر کے مقابلہ ایک ایک سے برابر کر دیا۔ میچ ختم ہونے سے چند لمحے قبل پاکستان سینئر ٹیم کو ملنے والے چھٹے پنلٹی کارنر پر ان ڈائریکٹ بال پر ارسلان قادر نے اپنا دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو جونیئرز پر ایک گول کی سبقت دلا دی۔ جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ پاکستان سینئر ٹیم کو کامیابی کے لئے سخت محنت کرنا پڑی۔