لاہور (سٹاف رپورٹر + نامہ نگاران) 4 خودکشیاں، حالات سے دلبرداشتہ 7 بچوںکا باپ پھندے سے جھول گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ نواں مشتاق کالونی کا 62 سالہ اسماعیل ویگن چلاتا تھا اور بچوں کو تعلیمی اداروں میں لے جاتا اور لاتا تھا، متوفی 4 بیٹیوں اور 3 بیٹوں کا باپ تھا، اسماعیل گھر کے اخراجات سے شدید پریشان رہتا تھا جس پر گزشتہ روز اس نے گھر میں پھندے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ فیصل آباد تھانہ بلوچنی کے علاقہ چک نمبر95 ر۔ب کے رہائشی عمران کی اہلیہ 25سالہ حمیرا نے گزشتہ روز گھریلو ناچاقی سے تنگ آ کر زہرکھا لیا۔ متاثرہ خاتون کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔ منچن آباد جیوے والا میں تیس سالہ طالب حسین کا اپنے والد کے ساتھ زمین کے تنازع پر جھگڑا ہوا ، مشتعل ہو کر گھر پر پڑا ہوا پسٹل اٹھا کراپنے کھیتوں میں گیا اور خود کو گولی ما ر لی اور موقع پر دم توڑ گیا۔ منڈی بہائوالدین میں غربت سے تنگ ریلوے ملازم محمد اکبر نے گذشتہ روز غربت اور گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر ملکوال سے لالہ موسیٰ جانے والی ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کرلی۔