لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری 10 روزہ دورہ پر کینیڈا گئے ہیں۔ 21 اکتوبر کو لندن واپس آئینگے۔ تحریک انصاف کے رہنماﺅں کے دورہ لندن کے حوالے سے لاعلم ہیں۔ شیخ رشید کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ رہتا ہے۔ لندن پلان کی خبریں حکومتی پراپیگنڈا ہے۔ اس میں کوئی صداقت نہیں۔ تحریک انصاف کی دعوت مسترد کیے جانے کی خبریں بھی بے بنیاد اور لغو پراپیگنڈا ہیں۔ اس حوالے سے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے درمیان کسی بھی سطح پر تاحال کوئی رابطہ نہیں ہوا نہ ہی کسی قسم کی کوئی ناراضگی ہے۔ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے مطالبہ کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے موقف کے 100فیصد ساتھ ہیں اور اپوزیشن جماعتیں شہدائے ماڈل ٹاﺅن کے قصاص کے مطالبہ کی حمایت کرتی ہیں۔ عوامی تحریک کی قیادت پانامہ لیکس کے مجرموں اور سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لے گی۔ مرتے دم تک بے گناہ کارکنوں کے قاتلوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ سربراہ عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹاﺅن کو انسانی حقوق کے عالمی فورمز پر اٹھانے کے سلسلہ میں بیرون ملک ہیں اس حوالے سے کیس تیار کرلیا گیا ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں استغاثہ کیس آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اس کے بعد مناسب وقت پر دوسرے راﺅنڈ کا اعلان ہو گا۔ شہدائے ماڈل ٹاﺅن کے قصاص کیلئے ہر حد تک جائینگے۔ ترجمان نے کہا تحریک انصاف کو بطور جماعت اپنے فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے۔ جس طرح عوامی تحریک نے قصاص تحریک کے پہلے راﺅنڈ میں ہر جلسہ اور احتجاج کی تاریخ کا تعین خود کیا اسی طرح تحریک انصاف بھی اپنی احتجاجی تحریک کو چلانے اور آگے بڑھانے کا حق رکھتی ہے۔
ترجمان عوامی تحریک