کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ باہر بیٹھے لوگ غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ آزادی کی بات کرنے والے پیٹ پرستی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ براہمداغ بگٹی نے بھارت میں پناہ لینے کی درخواست دے کر ثابت کر دیا کہ وہ بھارتی ایجنٹ ہے۔ بھارت ”را“ کے ذریعے جتنے بھی لشکر تشکیل دیدے اسے منہ کی کھانی پڑیگی۔ بلوچستان کے عوام متحد ہیں۔ سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلوچستان کے حالات غیر ملکی ایجنٹوں کی وجہ سے خراب ہوئے‘ ڈاکٹرز‘ اساتذہ اور دیگر طبقے کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کیا جائز ہے؟ بندوق کسی مسئلے کا حل نہیں۔ حقوق کی بات کرنے والے آئین کے تحت جدوجہد کریں۔ تقریب کے دوران کوئٹہ میں دو اہم فراری کمانڈروں نے اپنے 27 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیئے ۔ وزیر داخلہ بلوچستان نے مزید کہا کہ صوبے میں کوئی آزادی کی جنگ نہیں لڑ رہا ہے، فراریوں نے ہتھیار صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کی موجودگی میں ڈالے۔ بھارت بلوچستان کے ایشو کو لیکر کشمیر سے توجہ ہٹانے چاہتا ہے، اس موقع پر صوبائی وزیر صحت صالح بلوچ بھی موجود تھے جبکہ کمانڈنٹ ایف سی پنجگور نعمان صدیقی نے قومی دھارے میں شامل ہونے والے فراریوں میں انعامات تقسیم کئے۔
سرفراز بگٹی