نیشنل سیکیورٹی اجلاس سے متعلق ڈان نیوز کی خبر پر صحافی سائرل المیڈا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرلیا گیا

Oct 11, 2016 | 21:46

ویب ڈیسک

نیشنل سیکیورٹی اجلاس سے متعلق خبرپر ڈان نیوز کے ایڈیٹوریل کی جانب سے موقف سامنے آیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ ادارے کی یہ روایت رہی ہے کہ وہ اپنے قارئین کو صحیح اور مستند معلومات سے آگاہ کرے. نیشنل سکیورٹی اجلاس سے متعلق صفحہ اول پر شائع ہونے والے خبرمیں کہا گیا تھا کہ دوران اجلاس وزیراعظم اور حکومتی اراکین نے عسکریت پسندوں کیخلاف جاری آپریشن سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا جبکہ اس خبر کی رپورٹ ادارے کے کارکن سائرل المیڈا کی جانب سے فائل کی گئی تھی. وزیراعظم ہاؤس اور وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر نے ڈان نیوز کی خبر کو مسترد کردیا تھا اور آئی ایس پی آر کی جانب سے بھی خبر کی تصدیق نہیں کی گئی تھی. ڈان نیوز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے خبر کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد شائع کیا جبکہ اجلاس میں شریک ایک سے زائد افراد سے بھی اس کی تصدیق کی گئی. ڈان نیوز انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ باوثوق ذرائع کے مطابق خبرشائع ہونے کے بعد کارکن سائرل المیڈا کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرلیا گیا ہے. انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے اخبار اور صحافی کے خلاف کسی بھی اقدام سے گریز کریں۔

مزیدخبریں