لاہور (سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نوازخان نے کہا ہے کہ دہشت گردوں‘ اشتہاریوں‘ سماج دشمن عناصر کی گرفتاری کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں اور بالخصوص پولیس کو دہشت گردی سمیت مختلف ہائی پروفائل مقدمات میں مطلوب ایسے اشتہاریوں جو بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں کی گرفتاری کیلئے ریڈوارنٹ حاصل کیے جائیں تاکہ ان کو دنیا کے کسی بھی کونے سے پکڑ کر قانون کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال اور عزت کا تحفظ پولیس کے اولین فرائض میں شامل ہے اور یہی وہ طریقہ ہے جس سے مظلوم کی دادرسی اور مجرم کی حوصلہ شکنی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے جرائم کی شرح کو کنٹرول کرنے اور اشتہاریوں کی گرفتاری میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آر پی او فیصل آباد بلال صدیق کمیانہ کے علاوہ دس اضلاع کے ڈی پی اوز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیگر ریجنز اور اضلاع کے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو بھی اسی طرز پر کام کرتے ہوئے اپنی کارکردگی کو بہتر بناکر عوامی توقعات پر پورا اترنے کیلئے ہرممکن کوشش کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک کرائم میٹنگ سے خطاب کرتے وئے کیا جس میں جنوری سے ستمبر تک جرائم کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تھانوں میں پولیس تشدد اور پولیس حراست میں کسی بھی شہری کی ہلاکت ہرگز قابل قبول نہیں اور ایسے کسی بھی واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف فوری اور سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔
بیرون ملک فرار اشتہاریوں کے لئے ریڈوارنٹ حاصل کیے جائیں: عارف نواز خان
Oct 11, 2017