پشاور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز ایجنسیاں) سابق صدر آصف علی زرداری نے این اے 4 پشاور میں پیپلز پارٹی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا کو خیبر پی کے سے ملانا ہے۔ قوموں کی زندگی میں نواز شریف اور عمران خان جیسے لوگ آتے رہتے ہیں، ان کا بس چلتا تو یہ پورے پاکستان کو بیچ کھاتے۔ قوم کو ان لوگوں سے ہوشیار رہنا چاہئے۔ لوگوں کو روزگار دینا پیپلز پارٹی کی شناخت ہے۔ میاں صاحب اب تک یہ پوچھ رہے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا، آپ نے وزیراعظم ہائوس کیوں خالی کیا، ہم نے تو نہیں نکالنا تھا۔ آپ نکالنے والوں کے خوف سے نکلے ہیں۔ پتہ نہیں تھا تو نہ نکلتے۔ کپتان صاحب کا بھی کوئی قصور نہیں، عمران خان معصوم کرکٹر ہیں، عمران روزانہ ٹی وی پر اپنی آواز اور تصویر دیکھنے کے شوق میں پھنس گئے۔ انہیں کسی نے وزیر اعظم بننے کا کہا ہے، میں کہتا ہوں عمران وزیراعظم بن گئے تو کریں گے کیا۔ ہمیں پتہ تھا الیکشن دھاندلی ہے۔ میاں صاحب آپ کو ملک دیا تھا، آپ ملک نہیں چلا سکتے۔ آپ سے نہیں چلایا گیا، اب چھوڑ دیں، کوئی اور کام کریں، بڑا مال بنا لیا، اب اسے انجوائے کریں۔ یہ مت کہنا کہ ہمیں پتہ نہیں مال کہاں کہاں جا رہا ہے، ہم آپ کے پیچھے ہیں۔ میاں صاحب برطانیہ، ترکی اور بوسنیا میں انویسٹمنٹ کریں ۔ خان صاحب ڈینگی کو سنبھال نہیں سکے، خیبر پی کے کو نہیں سنبھال سکے وزیر اعظم بن کر پاکستان کیسے سنبھالیں گے۔ این اے 4ضمنی انتخاب میں وفاقی اور صوبائی حکومت سے مقابلہ ہے۔ ہم قبائلی عوام کے ساتھ ہیں، زرداری نے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی، موجودہ حکمرانوں کا بس چلے تو ملک کو بیچ ڈالیں، زرداری کا کہنا تھا کہ میرے دوست پشتو میں بات کرتے ہیں تو مزہ آتا ہے۔ خیبر پی کے کے جیلوں میں نہیں رہا اس لئے پشتو نہیں آتی، پنجاب کے جیلوں میں پنجابی سیکھی، میاں صاحب آپ نے بہت کمایا اب یورپ جا کر مزے کریں اگر جیل جانا چاہتے ہیں تو بسم اللہ۔