لاہور(خصوصی نامہ نگار) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے نئی رہائشی سکیم ایل ڈی اے سٹی کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے ساتھ مقامی زمینداروں کی طرف سے برا ہ راست پیش کی جانے والی اراضی بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایل ڈی اے ایونیو ون سکیم کے پلاٹوں کے بلڈنگ پیریڈ میں 30ستمبر 2018ء تک توسیع کر دی ہے۔ لٹن روڈ کے تین مقامات پر 12کروڑ 57لاکھ روپے کی لاگت سے پیدل سٹرک پار کرنے والوں کے لئے اوور ہیڈ برج نصب کئے جائیں گے۔ جیل روڈ پر ٹوئن ٹاور کی تعمیر کے لئے 7ارب 26کروڑ روپے کا پی سی ون منظور کر لیا اور 3ارب 81کروڑ کی لاگت سے اس کا تعمیراتی کام کرنے کے لئے ٹینڈر کرنے کی دے دی ۔تعلیمی اداروں ‘ہسپتالوں اور دفاتر کی عمارتوں کی اونچائی کی حدمیں اضافہ کرکے اسے 70فٹ سے 80فٹ کر دیا ہے۔کمرشل عمارتوں کو تکمیلی سرٹیفیکیٹ کے اجراء کے لئے فرسٹ فلور کے کم از کم 25فیصد حصے پر منظور شدہ نقشے کے مطابق تعمیر لازمی قراردے دی ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس گزشتہ رو زوزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور گورننگ باڈی کے ممبر خواجہ احمد حسان کی زیر صدارت90شاہراہ قائد اعظم پر ہوا جس میں لاہور سے رکن صوبائی اسمبلی بائو اختر‘ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے زاہد اختر زمان اوردیگر نے شرکت کی۔
ایل ڈی اے سٹی سکیم مکمل کرنے کیلئے مزیداراضی حاصل کرنے کافیصلہ
Oct 11, 2017