خواجہ سعد رفیق اپگریڈ کی گئی ”عوام ایکسپریس“ کا افتتاح آج کرینگے

اسلام آّباد(خبر نگار) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق آج اپ گریڈیشن کے بعد بہترین سہولتوں سے آراستہ عوام ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔ افتتاحی تقریب راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر ووپہر سوا بارہ بجے منعقدہو گی ۔ عوام ایکسپریس کے ہر ایک ریک کی تمام اکانومی اور اے سی سٹینڈرڈ کوچز کی اڑھائی کروڑ روپے سے اپ گریڈیشن کی گئی ہے اورعوام ایکسپریس کے چارو ں ریکس کو اپ گریڈ کرنے پر ایک سو ملین روپے کے اخراجات آرہے ہیں۔ مسافروں کے محفوظ اور بہترین سفر کے لئے پاور پلانٹ، اے سی ڈائننگ کار، لگیج وین اور بریک وین کی بھی اپ گریڈیشن کی گئی ہے۔ ٹوٹی پھوٹی بوسیدہ بوگیوں، پرانے ٹوائلٹس اور غیر آرام دہ نشستوں سے نجات، اے سی سٹینڈرڈ میں پرائیویسی کے لئے پردوں کا اہتمام، پہلے سے بہتر ائیرکنڈیشننگنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ پاکستان ریلویز کی طرف سے ریل کاروں سمیت اب تک ڈیڑھ درجن کے قریب گاڑیوں کی اپ گریڈیشن ہوچکی ہے، اب مزید گاڑیاں اپ گریڈ ہوں گی۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے علامہ اقبال ایکسپریس، خیبرمیل ایکسپریس، اکبر ایکسپریس اور بہاوالدین زکریا ایکسپریس کی اپ گریڈیشن کا بھی حکم دے دیاہے۔وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز اپنے سسٹم میں مزید بہتری کے لیے ترقی اور جدت کا سفر جاری رکھے گا۔

ای پیپر دی نیشن