پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار حصص میں اتارچڑھائو کے بعد مندی کا سلسلہ بدھ کے روز بھی جاری رہا اوربدھ کوبھی شیئرزکے کاروبارمیں سرمایہ کاروں کو نقصان اٹھانا پڑا ، ایک موقع پر شدید مندی کی وجہ سے کے ایس ای 100انڈیکس40300 پوائنٹس کی انتہائی پست سطح پر آ گیا تاہم بعد ازاں اسٹیل،گیس اور بینکنگ سیکٹر میں کی گئی خریداری کے سبب خسارے میں کمی آئی تاہم اس کے باوجودمندی کے باعث مارکیٹ میں سرمایہ کاروں 45ارب روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا،منگل کے مقابلے میں کاروباری حجم29.67فیصد گھٹ گیا۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کوکاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور کاروبار کی ابتداء میں167پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس40777پوائنٹس پر جا پہنچالیکن بعد ازاں منافع خوری کے باعث فروخت کے دبائو،مارکیٹ کریکشن کی وجہ سے
40315 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گر گیا تاہم ریکوری آنے سے انڈیکس40500پوائنٹس کی سطح پر بحال تو ہوگیا مگر مارکیٹ پر سے مندی کے سائے ختم نہ ہوسکے اورمارکیٹ میں کاروبار کا اختتام منفی زون میں ہی ہوا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں107.04 پوائنٹس کی کمی سے40503.68پوائنٹس پربندہوا ۔ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 138.81 پوائنٹس کی مندی سے 20480.62 پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایس ای آ شیئرز انڈیکس45.94پوائنٹس گھٹ کر 29136.49 جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 187.44پوائنٹس کی مندی کے بعد 67186.31 پر بند ہوا۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر 367کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 127 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 223 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی، 17کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔بدھ کو مجموعی طور پر 12کروڑ 95 لاکھ 63 ہزار 190حصص کا کاروبار ہوا جبکہ منگل کو18 کروڑ 42 لاکھ 25 ہزار 830 شیئرز کے سودے ہوئے تھے۔ مندی کے سبب مارکیٹ کے مجموعی سرمائے میں45ارب6کروڑ64لاکھ44ہزار644روپے کی کمی سے 84کھرب54ارب 34کروڑ 12لاکھ55ہزار645روپے رہ گیا۔سب سے زیادہ تیزی خیبرٹوبیکو اورمری بریوری کے حصص کی قیمتوں میں رہی جن کے حصص کی قیمت48.50 روپے اور33.16 روپے بڑھ کر بالترتیب1018.67روپے اور752.91روپے پر بند ہوئی جبکہ نمایاں کمی یونی لیورفوڈز اور سروس انڈسٹریز لمٹیڈ کے شیئرز کے بھائو میں رہی جن کے دام 140رو پے اور50.60روپے کی کمی سے بالترتیب6560روپے اور961.40روپے رہ گئے۔ سب سے زیادہ کاروبار کے الیکٹرک لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جو 1کروڑ 16 لاکھ 67ہزار 500 شیئرز رہا جس کی قیمت 6.49 روپے سے شروع ہو کر 6.28 روپے پر بند ہوئی جبکہ ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ کے 80لاکھ 44 ہزار حصص کے سودے ہوئے اور اسکی قیمت 34.60 روپے سے شروع ہو کر 34.29 روپے پر بند ہوئی۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار حصص میں اتارچڑھائو کے بعد مندی کا سلسلہ جاری
Oct 11, 2017 | 20:49