قومی اسمبلی اجلاس 17 اکتوبر کو طلب‘ سپیکر نے شہبازشریف کے پروڈکشن آرڈرجاری کر دیئے

اسلام آباد (ایجنسیاں) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر دن 11 بجے طلب کر لیا۔ سپیکر نے شہبازشریف کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کر دئیے ہیں۔ شہباز شریف کی گرفتاری پر بحث کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن 90 ارکان قومی اسمبلی کے دستخطوں سے جمع کرائی گئی تھی۔ ریکوزیشن پر مسلم لیگ (ن) اور متحدہ مجلس عمل کے ارکان نے دستخط کئے تھے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کے سابق سپیکر سردار ایاز صادق”نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آ ج جمعرا ت “کی سہ پہر 3بجے پارلیمنٹ کے صدر دروازے پر طلب کر رکھا ہے، جس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر نہ بلانے پر شدید احتجاج کیا جائیگا، ایاز صادق نے پیپلزپارٹی، ایم ایم اے اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی ہے، جسے انہوں نے قبول کر لیا ہے۔ اسد قیصر نے 17اکتوبر کے اجلاس میں شرکت کے لئے شہبازشریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے ہیں، اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کی شرکت ضرورت ہے اس لئے انہیں طلب کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے یہ فیصلہ کارروائی اور طریقہ کار کے تحت کیا، قواعد کے تحت سپیکر کسی بھی زیر حراست رکن اسمبلی کو اجلاس میں طلب کر سکتا ہے۔پروڈکشن آرڈر میں کہا گیا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی ضروری سمجھتے ہیں کہ اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کی شرکت ضرورت ہے اس لیے انہیں طلب کیا گیا ہے لہٰذا ان کی حاضری یقینی بنائی جائے اور جب اجلاس ختم ہوجائے تو نیب انہیں دوبارہ تحویل میں لے سکتی ہے۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ حکومت نے پچاس دنوں میں پچاس یوٹرنز لئے، ڈالر کی اونچی پرواز کو حکومت نہیں دیکھ رہی، پاکستان پر نو سو ارب روپے کا قرض بڑھ گیا، ایک دن میں سٹاک ایکسچینج میں لوگوں کی جمع پونجی ڈوب گئی، حکومت نے آتے ہی ملک میں معاشی بحران پیدا کر دیا، آئی ایم ایف میں جانا ہی تھا تو کیوں کہا خود کشی کر لیں گے۔ حکومت اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کرنے پر تالیاں بجا رہی ہے، ن لیگ کے احتجاجی پارلیمانی سیشن میں پیپلز پارٹی شرکت کرے گی۔

قومی اسمبلی/ اجلاس

ای پیپر دی نیشن