کراچی کا مینڈیٹ طشتری میں رکھ کر 2 جما عتوں کے حوالے کر دیا ، مصطفی کمال

کراچی ( پ ر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کراچی کے شہریوں کے نام خط میں لکھا ہے کہ 25 جولائی کو جو کچھ ہوا۔ وہ سب کے سامنے ہے۔ شہر کا مینڈیٹ دو پارٹیوں کو طشتر ی میں رکھ کر دے دیا گیا۔ کراچی میں ایم کیو ایم کا مئیر ہے پھر اس شہر میں مسائل کیوں حل نہیں ہوتے؟۔ہم ایک بار پھر آپ کی عزت نفس بچانے کے لئے میدان میں اتر گئے ہیں۔ شہریوں کے نام کھلے خط میں سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میرے ماؤں، بہنوں، بزرگوں، بھائیوں اور نوجوانوں، 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں جو کچھ ہوا وہ آپ کے سامنے ہے۔ کو ن جیتا اور کیسے جیتا آپ سب اس کے گواہ ہیں، شام چھ بجے کے بعد جو کچھ ہوا اس شہر کے لوگوں نے بے بسی کی تصویر بن کر سب کچھ دیکھا، کراچی کا مینڈیٹ طشتری میں رکھ کر دو پارٹیوں کے حوالے کر دیا گیا کہ اس خود ساختہ مینڈیٹ کو انجوائے کرو، اس شہر کے لوگوں کو ایک مرتبہ پھر لاوارث سمجھا گیا کہ اس شہر سے کوئی آواز نہیں اٹھنی جو کچھ اس شہر کے ساتھ تیس سال سے گھناؤنا کھیل کھیلا جارہاہے وہ کھیل نئے اور پرانے کھلاڑی اب مل کر کھلیں گے۔اس الیکشن میں پاک سر زمین پارٹی کے ساتھ جو کچھ کیا گیا وہ آپ کے سامنے ہے جن نشتوں پر ہم 25جولائی کی شب 8بجے تک جیت رہے تھے اس کے بعد نتائج کو روک کر اگلے دن ہم کو ہرا دیاگیا۔اس شہر کی آبادی ستر لاکھ کم کر دی گئی جو کہ کراچی والوں کی نسل کشی کے مترادف ہے اگر کچھ نہیں کرسکتے تھے تو کم از کم آواز ہی اٹھا دیتے مگر انہوں نے اس لئے نہیں آواز اٹھائی کیونکہ ان کو زبان بندی کی قیمت ملی۔ شہریوں میں خط میں کہا کہ مائوں، بہنوں، بزرگوں اور نوجوانوں، میری آپ سے استدعا ہے کہ اب 14اکتوبر کو ضمنی انتخابات میں این اے 243 کی نشست پر پی ایس پی کے نامزد امیدوار آصف حسنین کوکامیاب بنائیں آپ ڈولفن پر مہر لگائیں ۔

ای پیپر دی نیشن