اسلام آباد (خبر نگار) وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعیدنے کہا ہے کہ چین۔ پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نہایت ہی اہم منصوبہ ہے ،جس کی بروقت اور کوالٹی تعمیر کو یقینی بنانا ہے۔سی پیک کو آگے بڑھانے سے معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔بلوچستان میں شاہرات کی تعمیر وتوسیع سے معاشی اور معاشرتی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے یہ بات بدھ کو وزارت مواصلات میں ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی،چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی جواد رفیق ملک،آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اللہ ڈینو خواجہ،ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او میجر جنرل انعام حیدر ملک سمیت دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں قومی شاہرات ،موٹرویز کی تعمیراوربالخصوص بلوچستان میںکراچی۔کوئٹہ۔چمن شاہراہ،رتو ڈیرو۔بسیمہ110کلومیٹر،آواران۔خضدار 251کلومیٹر ،ہوشاب۔آواران 159کلومیٹر کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔