اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پی پی پی کے سیکر ٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ آئی آئی کا نعرہ جلد ہائے ہائے میں تبدیلی کے قریب ہے،ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جعلی دعووں سے ہر منصوبہ منگتا خان منصوبہ بن گیا ہے ، 300 کنال کے محل مالک نے غریبوں کو گھر دینے کا خواب دکھایا۔ عمران خان ناسمجھ اور بے خبر وزیراعظم ثابت ہوئے، سرکاری ملازمین کے لئے وفاقی حکومت کی پہلے سے ہاؤسنگ منصوبے زیرتکمیل ہیں۔ سچ ہے کہ پٹرول ڈیزل تیل گیس مہنگی ہونے سے عوام سخت مشکلات میں ہیں۔ دریں اثنا پی پی پی پی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے ہے کہا کہ پچاس لاکھ گھروں کے ٹرک کی لال بتی کے پیچھے لگا کر ملک کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا گیا،بنی گالا کی زمین پر غیرقانونی تعمیرات کرنے والے عمران خان مشہور لینڈگریبر منشا بم کے ہمراہ اپنی مبینہ تصویر کی وضاحت کریں، پارلیمان سے بالا ہی بالا اہم قومی فیصلے پی ٹی آئی کی فسطائیت کا اظہار ہیں، عمران خان نے اپنے انوسٹرز کو فائدہ پہنچانے کے لئے ہاؤسنگ اتھارٹی کا ڈول ڈالا ہے، عوام کی قوت خرید ختم کرکے عمران خان گھر بنانے نکل کھڑے ہوئے ہیں۔